سنت کبیر ، 28؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی کی مگہر آمد کو لے کر تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سنت کبیر نگر پہنچے ۔ اس دوران ان کے ٹوپی پہننے سے انکار کرنے کو لے کر سیاسی بازار گرم ہے ۔ تاہم مزار کے متولی اس کو کچھ خاص اہمیت نہیں دے رہے ہیں ۔
دراصل بدھ کو وزیر اعلی یوگی سنت کبیر داس کی مزار پر گئے ۔ یہاں مزار پر پہنچے وزیراعلی سے مزار کے متولی نے ٹوپی لگانے کی گزارش کی ۔ اس دوران وزیر اعلی یوگی نے اسے منع کردیا ۔ حالانکہ انہوں نے ٹوپی ہاتھ میں ضرور لی ، لیکن کچھ دیر بعد اسے متولی کو واپس لوٹا دی ۔
ادھر وزیر اعلی یوگی کے ٹوپی نہیں پہننے پر بیان بازی شروع ہوگئی ہے ۔ تاہم متولی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی مزار پر آئے اور ماتھا ٹیکا ۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعلی کو ٹوپی پیش کی جس پر وزیر اعلی نے کہا کہ ہم ٹوپی نہیں لگاتے ہیں ۔ حالانکہ وزیر اعلی نے ٹوپی لے لی، مگر اس کے بعد ہمیں واپس کردی ۔